نئی دہلی،30؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے را م ٹھاکر نے کہاہے کہ تھکے ہوئے اور ریٹائرڈ لوگوں کے لئے اپنی حکومت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ ہم ریاست میں اچھی حکمرانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ وزیراعلی ٹھاکر نے کہا کہ یہ باتیں دہلی میں وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے بعدکہی۔ انہوں نے حلف کی تقریب میں شرکت کے لئے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم نے ان سے محنت سے کام کرنے کے لئے کہا ہے تاکہ لوگوں کی توقعات کوپورا کیا جا سکے۔اپنی حکومت کے چیلنجوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح پچھلی حکومت کی طرف سے چھوڑے گئے 46500 کروڑ کے قرض سے نمٹناہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ ہماچل ایک پہاڑی ریاست ہے اور ہمارے لئے بہت سے چیلنج ہیں، یہ اچھا ہے کہ ہم مرکز سے خصوصی پیکیج حاصل کریں گے۔ مرکز میں بھی بی جے پی ہے، لہذا وزیراعظم ہماری صورت حال سے پوری طرح واقف ہیں۔